کراچی، پاکستان موسیقی کے میدان میں مسلسل باصلاحیت نئے گلوکار متعارف کرا رہا ہے، اور اسی کے تسلسل میں اسپاٹیفائی نے موسیقی کی دنیا میں مشہور نام حاوی (HAVI) کو سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے لیے اپنے ریڈار پاکستان پروگرام کا نیا آرٹسٹ منتخب کیا ہے۔ عبدالرحمان ساجد موسیقی کی دنیا میں حاوی کے نام سے مشہور ہیں۔ اپنی منفرد موسیقی، جذبات سے بھرپور اندازِ بیان اور دل کو چھو لینے والی کہانیوں کی بدولت حاوی پاکستانی موسیقی کی نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے گیت نہ صرف ذاتی احساسات کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر کے سامعین کی طرف سے بھی یکساں طور پر پسندیدگی کا اظہار کیا جارہا ہے، جس کی بدولت وہ پاکستان سمیت عالمی سطح پر اپنے مداحوں سے مضبوط تعلق قائم کر رہے ہیں۔
اسپاٹیفائی پر بھی حاوی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت واضح طور پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے، جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران ان کے سامعین میں 335 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ پاکستان اور بیرونِ ملک ان کے تیزی سے پھیلتے ہوئے مداحوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسپاٹیفائی پر بھی حاوی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت واضح طور پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے، جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران ان کے سامعین میں 335 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ پاکستان اور بیرونِ ملک ان کے تیزی سے پھیلتے ہوئے مداحوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان کے مقبول گیت 'اندازِ کرم'، 'نہ ملے' اور ' فرض' نے حاوی کی اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران ان کی موسیقی کی اسٹریمنگ میں بھی 200 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ مزید برآں، ان کے گیت دو لاکھ سے زائد صارفین کی تیار کردہ پلے لسٹس میں شامل کئے جا چکے ہیں، جو سامعین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح ثبوت ہیں۔
حاوی کی موسیقی صرف پاکستان تک محدود نہیں ہے۔ ان کے گانوں کی سب سے زیادہ اسٹریمنگ والے ممالک میں بنگلہ دیش، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔
ریڈار پاکستان پروگرام کے تحت اسپاٹیفائی کی جانب سے حاوی کے فنی سفر کو مزید اجاگر کرنے کے لئے ایک خصوصی منی ڈاکومنٹری سیریز بھی پیش کی جائے گی، جس میں مداح ان کی زندگی، تخلیقی سفر، موسیقی کے پس منظر اور ان تجربات کو قریب سے جان سکیں گے جنہوں نے ان کی گلوکاری کے سفر کو تشکیل دیا۔
اس موقع پر اسپاٹیفائی کی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے لیے آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر، رطابہ یعقوب نے کہا، ''حاوی میں یہ قابل ذکر صلاحیت موجود ہے کہ وہ اپنے گہرے ذاتی جذبات کو ایسی موسیقی میں ڈھال دیتے ہیں جو براہِ راست سامعین کے دل میں اترتی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران غیرمعمولی اسٹوری ٹیلنگ کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ انکا حقیقی تعلق اور غیرمعمولی ترقی سامنے آئی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ریڈار پاکستان کے ذریعے ہم ان کے فنی سفر کے اگلے مرحلے کا حصہ بن رہے ہیں۔''
اسپاٹیفائی کے ریڈار پاکستان کے حالیہ آرٹسٹ منتخب ہونے پر حاوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''ہر گانا زندگی کے ایک نئے پہلو کو سامنے لاتا ہے، اور یہ پروگرام اسے مزید لوگوں تک پہنچنے کا موقع دیتا ہے، اور میں پُرجوش ہوں کہ یہ سفر آگے کہاں تک پہنچتا ہے۔''
اسپاٹیفائی اپنے عالمی ریڈار آرٹسٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ادارتی معاونت، حقیقی انداز میں اسٹوری ٹیلنگ اور وسیع موجودگی کے ذریعے یہ پروگرام نئے گلوکاروں کو مزید سامعین تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ حاوی کو اس پروگرام میں شامل کر کے اسپاٹیفائی نے ایک بار پھر پاکستانی موسیقی کے نئے ٹیلنٹ کی سرپرستی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں