زندگی ٹرسٹ کی ڈیجیٹل آرٹس لیب شمسی توانائی پر منتقل, موبی لنک بینک کی معاونت

کراچی میں خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں قائم زندگی ٹرسٹ کی ڈیجیٹل آرٹس لیب شمسی توانائی پر منتقل

اسلام آباد،  پاکستان کے صف اول کے نمایاں ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے اپنی کاروباری سماجی ذمہ داری (CSR)  پروگرام کے تحت کراچی کے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں قائم زندگی ٹرسٹ کی ڈیجیٹل آرٹس لیب کو شمسی توانائی پر منتقل کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد لڑکیوں کو کسی تعطل کے بغیر ڈیجیٹل اور تخلیقی تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ پروجیکٹ پائیدار توانائی کے ذریعے تعلیمی مسائل کے حل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ موبی لنک بینک کے اس وسیع وژن کا حصہ بھی ہے جس کے تحت وہ خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دے رہا ہے اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لئے ایک نمایاں بینک بن رہا ہے۔ اسکے علاوہ، بینک ماحولیات کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔



یہ پروجیکٹ چھٹی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی تقریباً 320 طالبات کو ڈیجیٹل اور تخلیقی تعلیم تک قابلِ اعتماد رسائی فراہم کرے گا، جبکہ مستقبل کی تمام طالبات بھی ڈیجیٹل آرٹس لیب سے مستفید ہوتی رہیں گی۔ یہ اقدام خواتین کی شمولیت کو پائیدار طریقے سے آگے بڑھانے کے موبی لنک بینک کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔ بینک زندگی ٹرسٹ کے اس مشن کی براہِ راست حمایت کرتا ہے جس کے تحت سرکاری اسکولوں میں جدید اور مستقبل سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول قائم کیا جا رہا ہے، تاکہ بچیاں محدود سہولیات کے باوجود معیاری ڈیجیٹل، اور تخلیقی سوچ کی مہارتیں حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، ''بامقصد ڈیجیٹل تعلیم کے لئے مسلسل اور پائیدار توانائی تک رسائی نہایت ضروری ہے۔ زندگی ٹرسٹ سے اشتراک کے ذریعے موبی لنک بینک ایک اہم قومی مسئلے کا حل پیش کر رہا ہے اور کم عمر بچیوں کو سیکھنے، اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی سے لیس دنیا میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کررہا ہے۔''

زندگی ٹرسٹ اس بات پر زور دیتا ہے کہ تعلیم میں حقیقی بہتری نصاب میں جدت لانے کے ساتھ ساتھ موزوں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے ہی ممکن ہے۔ ٹیکنالوجی سے آراستہ تعلیمی ادارے میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کے ذریعے ٹرسٹ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے طلباء بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں کہیں پیچھے نہ رہ جائیں۔

اس اقدام کے ذریعے موبی لنک بینک نے ایک ایسا پائیدار حل متعارف کرایا ہے جو موجودہ طالبات کے لیے تعلیمی ماحول کو بہتر بناتا ہے اور خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں داخلہ لینے والی طالبات کے لیے طویل مدتی فوائد کو یقینی بناتا ہے۔

0/کمنٹس: