پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان میں خصوصی افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نیٹ ورک (این او ڈبلیو پی ڈی پی) اور ڈیف ٹاک کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت خصوصی افراد (پی ڈبلیو ڈیز) کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ادارے کے معروف تربیتی پروگرام جستجو کا تیسرا ایڈیشن شروع کیا جائے گا۔ اس سال خصوصی افراد کی پہلے سے بھی بہتر تربیت کے لیے پروگرام کی مدت چھ ہفتوں سے بڑھا کر چھ ماہ کردی گئی ہے جن میں سے دو ماہ سافٹ اسکلز جبکہ بقیہ چار ماہ پیشہ وارانہ کامیابی کے لئے باقاعدہ عملی تربیت دی جائے گی۔
جستجو انٹرنشپ پروگرام ملک کے معروف انٹرنشپ پروگراموں میں سے ایک ہے، جو خصوصی افراد کی معاشرتی اور معاشی شمولیت کے ذریعے معاشرتی ناہمواریوں کو دور کرنے کے لئے تخلیق کیا گیا ہے۔ باصلاحیت افراد کو پی ٹی سی ایل اور یوفون کے دفاتر میں ماہر ین کی رہنمائی میں تربیت اور عملی تجربے کے ذریعے پیشہ ورانہ زندگی کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔
یہ پروگرام معذور افراد کی سماجی و اقتصادی شمولیت کے فروغ کے لئے کام کرنے والے ادارے، این او ڈبلیو پی ڈی پی، اور بولنے اور سننے سے محروم افراد کی اشاروں کی زبان کے ماہر ترجمانوں اور ڈیجیٹل سہولیات کی ذریعے معاونت کرنے والے ادارے ڈیف ٹاک کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔ گروپ چیف پیپل آفیسر، پی ٹی سی ایل اور یوفون، شعیب بیگ، چیف آپریٹنگ آفیسر،این او ڈبلیو پی ڈی پی، منیبہ ہارون اور ڈیف ٹاک کی پراجیکٹ منیجر تہمینہ ظفر نے اپنے اداروں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔ پچھلے دو ایڈیشنز کی شاندار کامیابی کے پیش نظر، تینوں اداروں نے اس بار پروگرام کی مدت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا تاکہ خصوصی افراد کو سیکھنے اور اپنی مہارتیں بڑھانے کے لیے اضافی وقت مل سکے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف پیپل آفیسر شعیب بیگ نے کہا، ”جستجو پی ٹی سی ایل گروپ کا ایک اہم کاروباری اقدام ہے جس کا مقصد ہماری اپنی صفوں میں اور کاروباری شعبے میں تنوع اور شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کی تقریبا 6 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے اور انہیں سماجی و اقتصادی نظام سے الگ کرنے سے ملک بہت اہم صلاحیتوں کے حامل افراد کی خدمات سے محروم ہوجائے گا۔ جستجو معذور افراد کو سماجی و معاشی دھارے میں شامل کرنے میں مدد دینے کے لیے شروع کیا گیا ہیاور ہم این او پی ڈبلیو پی ڈی پی اور ڈیف ٹاک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب کرنے میں ہماری معاونت کی۔“
این او ڈبلیو پی ڈی پی کی چیف آپریٹنگ آفیسر، منیبہ ہارون نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ جستجو ایک مثالی پروگرام ہے اور پی ٹی سی ایل اور یوفون نے اس کے شرکاء کوترقی کے لیے سازگار ماحول مہیا کیا اور حوصلہ افزائی کی جس سے اس کی کامیابی ممکن ہوسکی۔ پہلے کی طرح این او ڈبلیو پی ڈی پی موزوں امیدواروں کی نشاندہی کرنے اور پی ٹی سی ایل اور یوفون ٹیموں کو معذور افراد کے ساتھ کام کرنے سے تربیت فراہم کرے گا تاکہ وہ اس پروگرام کی کامیابی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکیں۔“
ڈیف ٹاک کی پراجیکٹ مینیجر تہمینہ ظفر نے کہا کہ ”ڈیف ٹاک کو پاکستان میں خصوصی افراد کی زندگی کا رخ تبدیل کرنے والے اس تاریخی اقدام کا حصہ بننے پر فخر ہے۔ ہم خصوصی افراد کو ترجمان کی خدمات فراہم کرکے ان کی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہے ہیں تاکہ ان کی روزمرہ کی زندگی میں مدد مل سکے۔ پہلے کی طرح، ہم پروگرام کے شرکاء اور ماہرین کو آپس میں بات چیت میں مدد کے لئے تمام تربیتی سیشنز میں اشاروں کی زبان کے ماہرین کی خدمات فراہم کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری اس کاوش سے شرکاء کوسیکھنے اور ترقی کے عمل میں آسانی ہوگی۔“
ایک تبصرہ شائع کریں