اسپاٹیفائی نے پاکستان میں نئے گلوکاروں کو سامنے لانے کیلئے عالمی پروگرام پیش 'ریڈار' کرادیا

حسن رحیم کا اسپاٹیفائی کے نئے پروگرام ریڈار میں ابھرتے ہوئے پہلے گلوکار کے طور پر انتخاب 

کراچی، 19 اکتوبر، 2022۔ پاکستان کی خواتین گلوکاروں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے والے ایکول پاکستان کی کامیابی کے بعد، عالمی آن لائن آڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی (Spotify) نے پاکستان میں مقامی باصلاحیت گلوکاروں کو متعارف کرانے کے لئے عالمی پروگرام ریڈار (RADAR) کا آغاز کیا ہے۔ اس عالمی پروگرام کی توجہ ابھرنے والے مقامی گلوکاروں کی عالمی سطح پر پسندیدگی کی راہ ہموار کرنے اور انکے کیرئیر کے اگلے مرحلے میں معاونت پر مرکوز ہے۔ اس حوالے سے حسن رحیم پاکستان میں اسپاٹیفائی کے ریڈار پروگرام کا حصہ بننے والے پہلے گلوکار بن گئے ہیں۔ 


ریڈار پروگرام کے ذریعے حسن رحیم ایک مختصر ڈاکومنٹری میں بھی جلوہ گر ہوں گے جو انکے کاموں اور زندگی پر روشنی ڈالے گی اور انکے پرستاروں کے سامنے حسن کی زندگی کا ایسا رخ سامنے لائے گی جو شائد پہلے کسی کے علم میں نہ ہو۔ 


اسپاٹیفائی کے ریڈار کی مختصر ڈاکومنٹری (https://www.youtube.com/watch?v=ZHNQfERJZtg) کے ابتدائی مناظر میں حسن رحیم اپنے ساتھی موسیقاروں کو متعارف کراتے ہیں جنہوں نے انکی میوزک لائف میں مدد فراہم کی، وہ اپنے افتتاحی البم پر بات کرتے ہیں اور عملاََ اپنے گھر کا سفر کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں جہاں انکی اپنی والدہ سے گرم جوش گفتگو ہوتی ہے۔ حسن رحیم بتاتے ہیں، ''یہ پروگرام میری زندگی سے قریب تر ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ میں نے کس طرح سے اپنے میوزک کے سفر کا آغاز کیا، یہ میرے دوستوں اور اُن لوگوں کے بارے میں ہے جن کے ساتھ میں کام کرتا ہوں، اور خاص طور پر میری فیملی۔'' 


ریڈار پروگرام کا حصہ بننے پر حسن رحیم نے کہا، "اسپاٹیفائی پر میرے میوزک کے سفر کا آغاز تین سال قبل اُس وقت ہوا،جب میں نے ایک گیت پوسٹ کیا اور میں واقعی خوش قسمت ہوں اور مجھے فخر ہے کہ میں پاکستان میں ریڈار کا پہلا گلوکار بن گیا ہوں۔ میں یہ دیکھنے کے لئے پرجوش ہوں کہ ریڈار جیسے پروگرامز سے پاکستانی میوزک کس طرح آگے بڑھے گی اور ہمارے وطن سے کس طرح مزید گلوکار ابھر کر سامنے آئیں گے۔ اس سفر کا حصہ بننے پر میں سب کا مشکور ہوں، آپکو علم ہے کہ میں آپ سب کو پسند کرتا ہوں۔''


رواں سال،پاکستان میں اسپاٹیفائی کا پہلا سال مکمل ہونے کے موقع پر اسپاٹیفائی نے میوزک کے رجحانات سے متعلق دلچسپ اعداد و شمار پیش کئے جن کے مطابق حسن رحیم اسپاٹیفائی کی مقامی پلے لسٹس پر چھائے ہوئے تھے۔ انڈی موسیقار نے سال 2018 میں اپنے میوزک کیرئیر کا آغاز کیا، ان کا شمار سب سے زیادہ اسٹریمنگ کئے جانے والے گلوکاروں میں ہوتا ہے اور انکے تین گیت 'جونا'، 'ایسے کیسے 'اور 'آرزو 'تھے،جو اسپاٹیفائی کی سب سے زیادہ اسٹریم کئے جانے والے مقامی گیتوں کی فہرست میں سب سے نمایاں رہے۔ 


اسپاٹیفائی کے آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر برائے پاکستان، سری لنکا، اور بنگلہ دیش، خان ایف ایم نے کہا، "ہم حسن رحیم کی پاکستان کے پہلے ریڈار گلوکار کے طور پر شمولیت پر نہایت پرجوش ہیں۔ اسپاٹیفائی ریڈار حسن جیسے گلوکاروں کو عالمی سطح پر میوزک کے مزید اور وسیع پرستاروں سے جوڑنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ "


اسپاٹیفائی کے ریڈار پروگرام کے تحت حسن رحیم اس پلیٹ فارم سے وقتاََ فوقتاََ تشہیری معاونت بھی حاصل کریں گے اور اس سلسلے میں وہ پاکستان میں بل بورڈز پر بھی جلوہ گر ہوں گے جبکہ ریڈار پاکستان پلے لسٹ میں ان کا گیت 'جونا' بھی شامل ہوا ہے۔ اسکے علاوہ، اسپاٹیفائی سال کے أواخر میں انکے افتتاحی البم کی لاؤنچنگ میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ 


0/کمنٹس: