پی ٹی سی ایل گروپ اور اخوت نے بلوچستان میں سیلاب متاثرین کو خوراک فراہم کر دی


اسلام آباد، 4 اکتوبر، 2022:  پی ٹی سی ایل گروپ نے فلاحی ادارے، اخوت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بلوچستان میں حالیہ مون سون اور سیلاب کے باعث خوراک کی قلت کا سامنا کرنے والے سیلاب متاثرین میں امدادی خوراک تقسیم کی۔ 


امدادی خوراک کی فراہمی دراصل پی ٹی سی ایل گروپ کے 1.75 ارب روپے کے امدادی پیکج کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک بھر میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی ا مداد اور بحالی کا عمل میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ 


اس سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے ہیڈ آف پی آر اینڈ کارپوریٹ کمیو نی کیشن، عامر پاشا نے کہا، ”پی ٹی سی ایل گروپ نے سیلاب سے متاثرہ افراد بالخصوص خواتین، بچوں اور معمر افراد کو امدادی خوراک کی فراہمی کے لئے اخوت سے اشتراک کیا ہے۔ خوراک چونکہ سب سے بنیادی ضرورت ہے، مجھے امید ہے کہ اس اقدام  سے متاثرہ لوگوں کو کچھ آسانی میسر ہوگی۔ مجھے یقین ہے کہ اگر متاثرہ خاندانوں کو بنیادی ضروریات کی فکر سے آزاد کردیا جائے تو انہیں اپنی  بحالی اور معمول کی زندگی کی طرف واپسی کے عمل پر اپنا توجہ مبذول کرنے میں مدد ملے گی۔“


پی ٹی سی ایل گروپ سیلاب متاثرین کی امداد میں شروع ہی سے پیش پیش رہا ہے، جس نے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے ملک بھر میں اپنے طبی مراکز کھول دیے۔ صرف یہی نہیں،یوفون 4Gنے امدادی کاموں اور فلاحی سرگرمیوں کے لئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مفت کالز کی سہولت بھی فراہم کی۔ اسی طرح، پی ٹی سی ایل گروپ سندھ اور بلوچستان میں لوگوں کو غذائی کمی اور آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے تحفظ کیلئے خوراک اور پینے کا صاف پانی فراہم کررہا ہے۔  


ایک پاکستانی ادارے کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل گروپ مستقبل قریب  میں بھی  امدادی کاموں میں اپنے تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔ 





0/کمنٹس: