پاکستان نے اردن میں ہونے والی خواتین کی ٹینٹ پیگنگ انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا
لاہور: فاطمہ فرٹیلائزر کے تعاون سے تاریخ میں پہلی بارتین رکنی پاکستانی ویمنز نیزہ بازی ٹیم نے نیزہ بازی کے انٹرنیشنل ایونٹ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ میں ملک کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا۔یہ ایونٹ 22 سے 24 ستمبر 2022 تک اردن کے تاریخی شہر پیٹرا میں منعقد ہوا۔ پاکستان کی خواتین ٹینٹ پیگنگ ٹیم کا یہ پہلا بڑا ایونٹ تھا جن کا انتخاب ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے اوپن ٹرائلز کے انعقاد کے بعد کیا گیا۔ کنزہ فرحت، عائشہ احمد خان، اور زویا میر نے اس انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی۔
فاطمہ فرٹیلائزر کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز رابیل سدوزئی نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہاکہ”فاطمہ فرٹیلائزر، ملک کی سرکردہ فرٹیلائزر مینوفیکچرر ہونے کے ناطے، ملک کی دیہی برادری کے ساتھ مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے۔ ہمارا مشن پاکستانی کسانوں کے سب سے پسندیدہ کھیل ٹینٹ پیگنگ کی حمایت کرکے ان کے دل جیتنا ہے، جو ان کی دیہی ثقافت اور شناخت کا عکاس ہے۔ ہم پاکستان کی نیزہ بازی فیڈریشن کے ساتھ مل کر اس کھیل میں پاکستان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہم پاکستان میں ٹینٹ پیگنگ کی کھوئی ہوئی شان کو دوبارہ زندہ کرنے اور اسے اس کی انتہائی مستحق لائم لائٹ میں واپس لانے کے لیے ثابت قدم ہیں۔ ہم پاکستانی خواتین نیزہ بازوں کی جیتنے والی ٹیم کو یہ شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور مستقبل میں ان کی مزید کامیابیوں کے خواہش مند ہیں“
صاحبزادہ سلطان محمد علی، جنہوں نے حال ہی میں ایکوسٹرین فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے اقتدار سنبھالا ہے، نے اس کامیابی کو پاکستان میں کھیلوں کے لیے ایک بہت بڑا لمحہ قرار دیا۔
ٹینٹ پیگنگ نیزہ بازی کے نظم و ضبط کا ایک روایتی کھیل ہے اور پاکستان میں کئی دہائیوں سے کھیلا جا رہا ہے۔ یہ کھیل بین الاقوامی سطح پر دنیا کے بہت سے ممالک میں کھیلا جاتا ہے، لیکن دولت مشترکہ ممالک میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے مطابق، علاقائی موازنہ کے مطابق، پاکستان کو کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹینٹ پیگنگ چیمپئن بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ تاہم، اپنی تمام تر تاریخ اور مہم جوئی کے باوجود، اس کھیل نے ابھی تک اپنی جانب خاطر خواہ توجہ مبذول نہیں کروائی جس کا وہ مستحق ہے۔ حکومت اور نجی شعبے کی مدد سے پاکستان کو عالمی میدان میں اس کھیل کے ایک بڑے چیمپئن کے طور پر ابھارنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں