اسپاٹیفائی نے نازیہ حسن کو ایکول ایمبیسڈر کے طور پر ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈ پر لگا دیا

اسپاٹیفائی کی جانب سے کوئین آف ساؤتھ ایشین پاپ کو رواں ماہ انکی 22 ویں برسی پر ایکول ایمبیسڈر کے طور پر منتخب کرکے خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے



کراچی، 18 اگست، 2022۔ برصغیر میں انتہائی مقبول گلوکاراؤں کی فہرست میں شامل اور پرستاروں کی جانب سے 'کوئین آف ساؤتھ ایشین پاپ 'کا لقب پانے والی نازیہ حسن نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر اسپاٹیفائی کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر رواں ماہ کی ایکول ایمبسیڈر کے طور پر جلوہ گر ہوئی ہیں۔ اسپاٹیفائی کی جانب سے نازیہ حسن کو بڑے ڈیجیٹل بل بورڈ پر فیچر کرکے 22 ویں برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ 


نازیہ حسن کو آج بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے ایسے وقت میں پاپ میوزک کی صنف کو متعارف کرایا جب وہ لوگوں میں زیادہ مقبول نہیں تھی۔ نازیہ ان گنی چنی آرٹسٹوں میں شامل ہیں جو لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنا چکی ہیں۔ انکی آواز اور معاشرے کے لئے انکی خدمات کو سراہنے کے ساتھ ساتھ انہیں اسپاٹیفائی اپنی گلوبل ایکول پلے لسٹ کے کور پر بھی پیش کررہا ہے جبکہ ایکول کی گلوبل اور لوکل پلے لسٹس پر ان کا مشہور گیت 'بوم بوم 'بھی موجود ہے۔ 


اس یادگار موقع پر نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میری بہن نے ہمیشہ خود کو موسیقار سمجھنے کے بجائے سماجی کارکن قرار دیا۔ انہوں نے خطے میں بچوں اور امن کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے بہت زیادہ مخیرانہ کام کیا کیونکہ وہ بچوں اور نوجوان افراد کی بوقت ضرورت مدد کرنے کی خواہاں تھی اور انہوں نے یہ سب سماجی خدمات نہایت خاموشی سے ادا کیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا یہ رخ ہر ایک سے پوشیدہ رکھا،جن میں انکی اپنی فیملی بھی شامل ہے۔ ہمیں بھی یہ سب تفصیلات انکے دنیا سے بچھڑنے کے بعد معلوم ہوئیں۔ یہ انکی عظمت اور بڑا پن ہے کہ انہوں نے اس سے متعلق کبھی بات بھی نہیں کی۔"


انہوں نے کہا، "میں اپنی میری پیاری بہن کو ایکول پاکستان اور گلوبل کا ایمبیسڈر بنانے کے موقع پر اسپاٹیفائی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جو خطے میں خواتین آرٹسٹوں کو سامنے لاتا ہے۔"


اس اہم موقع پر انکی بھتیجیوں علیانہ اور امیلیا حسن نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "ہماری پرورش میں ہمیشہ سے انکا گہرا اثر رہا ہے،کیونکہ ہم اُن کے میوزک کو پسند کرتے ہیں۔ بلاشبہ،وہ ایک شاندار شخصیت ہیں۔ جب ہم خود گیت لکھتے ہیں اور گاتی ہیں تو وہ اور انکا میوزک ہمارے لئے بڑی حوصلہ افزائی کا سبب بنتے ہیں۔ ہم انکی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس شاندار ورثے کا حصہ بننے پر ہمیں فخر ہے۔ "


0/کمنٹس: