آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والی نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئی

  لاہور  (ٹیکنالوجی پلس ویب ڈیسک)  نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن  مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئی۔ جگنو محسن  پی پی 184 سے 2018 میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئی تھیں، انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے خوش اسلوبی سے مجھے بلایا۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹی میں شامل ہورہی ہوں جہاں ہمیشہ جمہوریت کا تسلسل رہا، ہمارے درمیان زیرک سیاست دان موجود ہیں جو مشکلات سےنکالیں گے۔

آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے والی  نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن  مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئی


حمزہ شہباز کی جانب سے جگنو محسن کی شمولیت کا خیر مقدم کیا گیا۔ جگنو محسن نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے قدم قدم پر میرے کام کو سراہا، مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنوں نے بہت قربانیاں دیں، میرے حلقے کی عوام مجھے حکم دے رہی ہے، حلقے کی عوام نے کہا ہمارے کام کرنے ہیں، میرا عطا تارڑ کی قیادت سے بھی مسلسل رابطہ رہا، وقت آ گیا ہے کہ عوام کی حکمرانی کےلیے فیصلہ کروں۔

میاں نوازشریف نے  آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کو ٹیلی فون کیا اور معاملات طے پانے کے بعد جگنو محسن نے باضابطہ طورپر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا، انہوں نے یہ اعلان حمزہ شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، حمزہ شہباز نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ 

جگنو محسن کا کہناتھاکہ میں حمزہ شہباز اور ان کے بڑوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ عزت دی، اس فیملی سے  تعلق ہمارا بہت پرانا ہے ، میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑی اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی سے نوازا، عطاء تارڑ سے رابطے میں رہیں اور میں نے بتایا کہ حکمران جماعت  میں شمولیت اختیار نہیں کرنا چاہتی ، حلقے کے لوگوں کے کام کرنے ہیں اور تجویز دی گئی کہ آزاد حیثیت برقرار رکھیں، وقت آنے پر آپ سے بات کی جائے گی اور جب پچھلے سال اپوزیشن کے استعفوں کی بات کی گئی تو میں نے نواز شریف کو کہا کہ میرا استعفیٰ حاضر ہے ، جب کہیں گے تو استعفیٰ سپیکر کی میز پر ہوگا۔ 

اس سے قبل  مسلم لیگ (ن)  کے قائد میاں نوازشریف نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے حلقہ پی پی184سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات کی جس کے دوران ملک کے سیاسی حالات بالخصوص پنجاب کی اگلی سیاست کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔میاں نوازشریف نے جگنو محسن کی پی ڈی ایم کے مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ میں کارکردگی کو سراہا،میاں نوازشریف نے خواہش کا اظہار کیا کہ جگنو محسن آج پارٹی میں باقاعدہ شامل ہو جائیں،جس پر جگنو محسن نے کہا کہ میاں صاحب آپ اب میرے سیاسی قائد اور لیڈر ہیں۔


0/کمنٹس: