پاکستانی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے اسٹیٹ بینک کے عزم کا اعادہ
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنراسٹیٹ بینک نے کیپیٹل مارکیٹ اور کمرشل بینکوں کے تعاون سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پاکستانی کیپٹل مارکیٹ کیلئے روشن ایکویٹی اور راست جیسے اہم منصوبوں کے کامیاب نفاذ پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہاکہ یہ بہت بڑی اور اہم کامیابی کا موقع ہے، ہم یہاں پر روشن ایکویٹی اور راست سمیت قومی مفاد کے اہم منصوبوں کے کامیاب نفاذ کی خوشی میں جمع ہیں۔ یہ منصوبے اسٹیٹ بینک نے شروع کیے تھے اور کمرشل بینکوں اور سی ڈی سی نے بہترین طریقے سے ان پر عمل درآمد کیا۔ ان تمام منصوبوں میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی سہولت کار، انفرااسٹرکچر آرکیٹکٹ اور معلومات کے تبادلے کے مرکز کے طورپر اہم کردار ادا کررہی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ یہ صرف آغاز ہے کہ کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے ہمارا وژن کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کیپٹل مارکیٹ کے اداروں کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے ایس ای سی پی کے ساتھ کام کرنے کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہم نے "مشترکہ کے وائے سی پراجیکٹ "“Shared KYC project”, سے متعلق کیپٹل مارکیٹ کیلئے ایک نیا پراجیکٹ شروع کیاہے جس کے ذریعے سرمایہ کار اپنے متعلقہ بینک کے پورٹل یاایپ کے ذریعے با آسانی کیپٹل مارکیٹ اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔یہ منصوبہ کیپٹل مارکیٹ تک وسیع رسائی کی راہ ہموار کرے گا۔
اس موقع پر سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے مارکیٹ کی ترقی کے اس سفر میں یہ سنگِ میل حاصل کرنے کیلئے مسلسل سپورٹ اور سرپرستی پر اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کا شکریہ ادا کیا۔ سی ڈی سی پہلے ہی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور اسٹاک ایکسچینج کیلئے راست سے متعلق ہزاروں ٹرانزیکشنزپر اسس کررہی ہے۔ اس کیلئے سی ڈی سی بینکوں اور کیپٹل مارکیٹ کے اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کے مرکز کے طورپر کام کرتی ہے۔ اب "مشترکہ کے وائے سی پراجیکٹ "“Shared KYC project”,کیلئے سی ڈی سی مقامی رہائشی سرمایہ کاروں کیلئے بینکنگ پورٹلز کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ میں ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے کیلئے معلومات کے تبادلے کے پل کے طورپر بھی کام کرے گی جس کا مقصد معلومات کی گرفت اور کے وائے سی کے عمل کے دہرانے کو دور کرنا ہے۔
تقریب کے آغاز پر سی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین معین فُدانے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقراور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنے خطاب میں گورنراسٹیٹ بینک کی قیات میں اسٹیٹ بینک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ خان نے اپنے خطاب کے دوران پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کی ترقی میں اسٹیٹ بینک کے اہم کردار پر زور دیا۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبیں نے اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے درمیان تعان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں بینکنگ سیکٹر اور پاکستانی کیپٹل مارکیٹ کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ایک تبصرہ شائع کریں