اوآئی سی سی آئی کی طرف سے پاکستان کلائمٹ کانفرنس 2022 کا انعقاد
کراچی: پاکستان میں سرِفہرست غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمائندہ باڈی اوآئی سی سی آئی نے کراچی میں پاکستان کلائمٹ کانفرنس 2022کا انعقاد کیا۔کانفرنس میں ماہرین اورمقامی اور بین الاقوامی کارپوریٹ لیڈرز کے علاوہ سرکاری افسران، سینئر انڈسٹری لیڈرز، موسمیاتی تبدیلی کے ایکٹیو یسٹ، ماہرینِ تعلیم، سینئر صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کلائمٹ کانفرنس کا انعقاد او آئی سی سی آئی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ کانفرنس کارپوریٹ سیکٹر کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کی قیادت اور COP26میں قومی سطح پر کیے گے وعدوں (NDCs)پر عمل درآمد کیلئے مدد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق داؤد نے او آئی سی سی آئی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کا براہِ راست اقتصادی اثر پڑتاہے اور پاکستان کلائمٹ کانفرنس نے ایک ایکشن پلان کی بنیاد رکھی ہے اور یہ کانفرنس پا کستان کو اپنے عالمی ماحولیاتی وعدوں کو پورا کرنے اور اپنی معیشت کی پائیداری کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر اوآئی سی سی آئی کے صدر غیاث خان نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کا پاکستان کلائمٹ کانفرنس کے انعقاد کا مقصدCOP26سے استفادہ کرنا ہے تاکہ پاکستان میں موسمیاتی اثرات کو کم کرنے کیلئے درکار کوششوں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کیا جاسکے۔ کانفرنس میں عالمی ماہرین،پالیسی سازوں اور کارپوریٹ فیصلہ سازوں کو اکٹھاکیا گیا ہے تاکہ بہترین طریقوں کے اشتراک سے پاکستان کو ضروری موسمیاتی مداخلتوں کے خلاف تیار رہنے میں مدد مل سکے۔
اس موقع پر اوآئی سی سی آئی کے نائب صدر عامر پراچہ نے کانفرنس سیشن کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ کانفرنس میں مقامی اور عالمی ماہرین نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کو فروغ دینے کیلئے اپنے عزم، سلوشنز اور بہترین طریقوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو COP26میں کئے گئے قومی سطح پر طے شدہ وعدوں پر عمل درآمد کرنا ہے جن کا مقصد 2030تک متوقع اخراج میں 50فیصد تک کمی اور 60فیصد تک قابلِ تجدید توانائی حاصل کرنا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے 2030تک 30فیصد الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ کلین ٹرانسپورٹ پر کام کرنے اوماحول پر سرمایہ کاری کا وژن ترتیب دیا ہے۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے اس دہائی کے باقی عرصے میں ملک کے اندرفوری طور پر ٹھوس پالیسی ایکشن کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کلائمٹ کانفرنس نے کئی اہم شعبوں پر مکالمہ شروع کیا ہے اور ملک کے ماحولیاتی مثبت سفر کو تیز کرنے کیلئے ڈائیلاگز میں اہم نکات فراہم کئے ہیں۔
کانفرنس میں عالمی اور مقامی مقررین نے ورچوئلی اور عملی شرکت کی جن میں یو این ڈی پی پاکستان کے نمائندے نٹ اوسٹبی، ہیڈ آف رپورٹنگ پی ڈبلیو سی گلوبل نادجا پیکارڈ، یونی لیور گلوب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلن جوپ، سی ای او آئیکا گلوبل جیسپر بروڈین، بل ونٹرز سی ای او ایس سی بی گلوبل اور COP26 کے صدر آلوک شرما شامل تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں