نیو انار کلی پان منڈی لاہور کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکے میں 9 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکلز میں آگ لگ گئی۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر موجود ہیں۔ فرانزک ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بارودی مواد لفافے میں چھپا کر موٹر سائیکلوں کے قریب رکھا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکے کا وقت ایک بج کر 44 منٹ ریکارڈ کیا گیا، دھماکے میں ایک بلڈنگ منہدم جبکہ 8 موٹر سائیکلیں تباہ ہوئیں، دھماکے کے بعد 40 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
دھماکے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں رمضان، ابصار اور یاسر شامل ہیں۔
دو شہری موقع پر جاں بحق ہوئے تھے تاہم 15 سالہ یاسر کو شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال لایا گیا جہاں پر ان کی سرجری کی گئی، یاسر کی دونوں ٹانگیں کٹ چکی تھیں اور ایک آنکھ ضائع ہو چکی تھی جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ایک تبصرہ شائع کریں