اپنی سریلی آواز، مخصوص انداز اور خوبصورت کمپوزیشنز کی وجہ سے شہرت رکھنے والی معروف گلوکارہ اور موسیقارہ زیب بنگش نے حال ہی میں اپنا نیا گانا "تم ساتھ ہو"ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
"تم ساتھ ہو"گانا 80کی دہائی کے پاکستانی پاپ میوزک کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار ہارون شاہد کے ساتھ مل کر بنایا گیا ہے، گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ٹیزر کی ریلیز کو دونوں فنکاروں کے مداحوں نے توقعات سے بڑھ کر پذیرائی کی تھی۔
" تم ساتھ ہو"ہارون شاہد کی کمپوزیشن ہے جسے احسن پرویز مہدی نے پروڈیوس کیا ہے، اور اس گانے کی میوزک ویڈیومعروف موسیقار اور ویژول آرٹسٹ نعمان جاوید نے شوٹ کی ہے، یہ گانا باس مین کے پلیٹ فارم "روم فائلز"پر اسٹریم کے لیے دستیاب ہے۔
زیب بنگش کا اپنے نئے ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اس گانے پر ہارون کے ساتھ کام کرنا میرے لیے کافی پر لطف رہا، ان کا کہنا تھاکہ ہارون اور میں بہت زیادہ ایک دوسرے کے ساتھ گھومتے پھرتے نہیں مگر جب بھی ہم ایک ساتھ کسی میوزک پر کام کرتے ہیں تو واقعی جڑ جاتے ہیں، اور مجھے ہمیشہ وہ آواز پسند ہے جو آخر میں آتی ہے، پرانی یادوں کے اشاروں کے ساتھ۔ اس گانے میں خاص طور پر نئے دور کی نازیہ اور زوہیب کی آواز ہے۔
ہارون شاہد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں روم فائلز کا حصہ بننا چاہتا تھا، انکا کہنا تھاکہ میں ہر چیز سے بڑھ کر یہ محسوس کرتا ہوں کہ آزاد نئی موسیقی کے لیے باصلاحیت فنکاروں کی پذیرائی بہت ضروری ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ موسیقاروں کو ایک صنعت کے طور پر ساتھ رہنا چاہیے، ان کا کہنا تھاکہ کوک اسٹوڈیو میں بی بی صنم جانم، سے لیکر چل دیئے، اور سنبھل سنبھل سے ہم تم تک ہم دونوں نے ایک طویل سفر ایک ساتھ طے کیا ہے، جس پر میں کافی پرجوش ہوں۔
زیب بنگش نے انڈسٹری میں اپنے لیے ایک ایسی جگہ بنائی ہے جو یقینا منفرد اور مرکزی دھارے میں ہے، ہم نے حال ہی میں انہیں بلاک بسٹر سیریل "ویمن آف اسٹیل"صنف ِ آہن"میں سنا ہے۔
زیب النساء بنگش جو کہ زیب بنگش کے نام سے مشہور ہیں پاکستان کی معروف گلوکارہ اور موسیقار ہیں، باصلاحیت گلوکارہ 2009سے اب تک کوک اسٹوڈیو کے 5سیزنز میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے ہمیں آجا رے مورے سیاں، روشے، دلربا نا راضی، اور چل دیئے جیسے بہترین گانوں سے محضوظ کرچکی ہیں، تب سے ہی زیب بنگش نے سرحد پار گانے پیش کرنے شروع کردیئے تھے، بالی ووڈ فلم مدراس کیفے میں ان کا سولو گانا اجنبی، ہائی وے فلم میں سوہا سہا اور فطور میں ہمینستو، گایا، وہ اپنے ملک واپس آئیں اور سنبھل سنبھل جیسے مقبول ورنہ، سپر اسٹار کی بے کراں، اور پرے ہٹ لو جیسے مشہور فلموں کے لیے مورے سیاں جیسے مشہور گانے گائے، انہیں ڈرامہ سیریل دیوار دل کا او ایس ٹی سمیت متعدد گانو ُں پر ایوارڈ سے بھی نوازہ جاچکا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں