سی پیک پاک چین دوستی کا اہم جز ہے ، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات زیادہ گہرے ہیں

 چینی قونصل جنرل لی بیجیان نے کہا کہ پاکستان میں کم آمدنی کے حامل طبقے کے حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔



کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لی بیجیان نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا اہم جز ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تاجروں کے درمیان تعلقات اس سے کہیں زیادہ گہرے ہیں، پاکستان میں کم آمدنی کے حامل طبقے کے حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے لیکن کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔


چینی قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک کے بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، گوادر کی خطہ میں اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، ایئر پورٹ، ٹریننگ سینٹر، گوادر پورٹ سمیت متعدد منصوبوں میں چین نے سرمایہ کاری کی ہے، خوشی ہے کہ سی پیک کے باعث پاکستان میں بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوا۔


انہوں نے کہا کہ گوادر ایئر پورٹ کا ترقیاتی کام 90 فیصد مکمل ہوچکا ہے، امید ہے کہ 2023 تک گوادر ایئر پورٹ آپریشن کا آغاز کر دیگا، گوادر میں اسپتال بھی تعمیر کیا جارہا ہے، توقع ہے کہ اسپتال بھی آئندہ سال سے کام شروع کردے گا۔لی بیجیان نے کہا کہ پاکستانی صنعتکاروں، سرمایہ کاروں کیلئے چین میں تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، چین میں 50 کروڑ کی آبادی مڈل کلاس ہے جو پاکستان کیلئے بڑی مارکیٹ ثابت ہوسکتے ہیں، پاکستان چین کو پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات کر سکتا ہے جبکہ چین میں چاول، مچھلی سمیت سمندری خوراک کی بڑی مارکیٹ موجود ہے جس سے پاکستان کے ایکسپورٹرز بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں تعاون مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔

0/کمنٹس: