کراچی، 1 دسمبر، 2021۔ فیس بک نے ایڈورٹائزنگ ایجنسیز اور مارکیٹنگ کے ماہرین کی معاونت کے لئے پاکستان میں اپنا فلیگ شپ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام رائز (RISE) متعارف کیا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ کامیابی اور اہداف کی تکمیل کے لئے جدید اور عصر حاضر کی نئی مہارتوں سے آراستہ ہوں۔
اس پروگرام کا آغاز برازیل میں سال 2020 میں ہوا اور اب رائز پروگرام چار براعظموں کے 18 ممالک تک پھیل چکا ہے تاکہ ان ممالک میں ایڈورٹائزنگ حلقوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ اور بااختیار بناکر عالمی وباء کے باعث معاشی بحالی کے لئے عالمی کاوشوں کو یکجا کیا جائے۔
پاکستان میں رائز پروگرام کا آغاز ایک آن لائن تقریب میں ہوا جس کی سربراہی میٹا (سابق فیس بک) میں ڈائریکٹر فار ایمرجنگ مارکیٹس، جورڈی فورنیز نے کی۔ اس پروگرام میں پاکستان کے ایڈورٹائزنگ کمیونٹی کے نمائندوں، انڈسٹری رہنماؤں، فیس بک کے بااختیار سیلز پارٹنر (اے ایس پی)، صف اول کی یونیورسٹیز کے فیکلٹی اراکین، طالب علم، بلاگرز اور سوشل میڈیا کے بااثر افراد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : فوڈ پانڈا اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے درمیان پائیدار ماحولیات کو فروغ دینے کے لئے اہم اشتراک
اس کے آغاز پر میٹا کے ریسیلر پارٹنر منیجر، علی خورشید احمد نے کہا، "رائز پروگرام ملک میں ایڈورٹائزنگ کمیونٹی کی معاونت کے لئے تخلیق کیا گیا ہے تاکہ وہ نئی مہارتیں سیکھنے، پرانی مہارتوں میں جدت لانے اور یا پھر مکمل طور پر اپنا کیرئیر تبدیل کرکے اپنی شخصی اور پیشہ ورانہ ترقی کا سفر جاری رکھ سکیں۔ رائز کو اس طرح سے تیار کیا گیا ہے جس میں ہر سطح کے تجربات کے حامل افراد کی ضروریات پوری ہوسکیں۔ یہ پروگرام ایڈورٹائزنگ کمیونٹی کے اراکین کو مستحکم بنانے پر پذیرائی حاصل کررہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، یہ شخصی و پیشہ ورانہ سطح پر سیکھنے، ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی فراہم کررہا ہے۔"
یہ پروگرام 2 ماہ سے زائد دورانیہ پر محیط ہوگا جس میں شرکاء کے پاس آن لائن مواد اور ڈیولپمنٹ سیشنز کی مفت رسائی ہوگی جن میں میٹا ماہرین کی رہنمائی میں مفت بلیو پرنٹ ٹریننگ اور سرٹیفکیشنز شامل ہیں۔ مزید برآں، وہ ضروری شخصی مہارتوں میں بھی بہتری لاسکیں گے اور ان کے پاس کامیابی سے متعلق رہنمائی کے لئے کامیاب کاروباری افراد اور انڈسٹری رہنماؤں سے رابطے کا موقع میسر ہوگا۔
اس موقع پر صف اول کی جامعات، انڈسٹری ماہرین، بلاگرز، اور ڈیجیٹل انفلوائنسرز نے اس پروگرام کو ایڈورٹائزنگ اور مارکیٹنگ انڈسٹری کے ماہرین کے لئے قابل ذکر موقع قرار دیا۔
اس پروگرام سے خاص طور پر ان افراد کو فائدہ پہنچے گا جنہوں نے عالمی وبا کے باعث ملازمت سے متعلق مشکلات کا سامنا کیا۔ کامیابی کے لئے ایک بار ہنرمند ی اور حوصلے کے ساتھ وہ افراد روزگار اور کیرئیر میں ترقی کے مزید مواقع کے ساتھ جاب مارکیٹ میں دوبارہ جاسکتے ہیں۔ رائز پروگرام انڈسٹری کے نئے افراد کے ساتھ ساتھ زیادہ تجربہ کار افراد کے لئے بھی اسی طرح فائدہ مند ہے جو اپنی معلومات اور مہارت میں بہتری کے خواہاں ہیں تاکہ مارکیٹ میں ان کی حیثیت قائم رہے۔ مزید معلومات کے لئے یہ لنک وزٹ کریں۔
ایک تبصرہ شائع کریں