ڈی ایف اے چارسدہ اور ڈی ایف اے چترال کی ٹیموں نے بدھ کو شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرکے یوفون فٹ بال کپ 4Gخیبرپختونخوا کے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کرلی۔
پشاور : پشاور کے طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس میں ڈی ایف اے چارسدہ اور ڈی ایف اے چترال کی ٹیموں نے بدھ کو شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرکے یوفون فٹ بال کپ 4Gخیبرپختونخوا کے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کرلی۔
اس حوالے سے پہلا میچ ڈی ایف اے چارسدہ اور ڈی ایف اے ایبٹ آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیمیں کی نظریں سیمی فائنلز میں اپنی جگہ بنانے پر مرکوز تھیں۔ دونوں ٹیمیں اپنی فارم اور جذبہ کے اعتبار سے ایک دوسرے کے ہم پلہ نظر آئیں۔ میچ کے تیسرے منٹ میں ہی ڈی ایف اے چارسدہ کے زید نے پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی تاہم ڈی ایف اے ایبٹ آباد کے یاسر نے چھٹے منٹ میں گول کرکے میچ دوبارہ برابر کردیا۔
ڈی ایف اے چارسدہ کے کھلاڑی سیف نے آٹھویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر سبقت دلائی جبکہ زید نے مزید دو گول اسکور کرکی اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔ ڈی ایف اے ایبٹ آباد کے یاسر نے 55 ویں منٹ دوسرا گول اسکور کیا تاہم اس کے بعد انکی ٹیم نے ہمت ہار دی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کے طہماس خان اسٹیڈیم میں یوفون 4Gخیبرپختونخوا فٹ بال کپ 2021 ٹرافی کی تقریب رونمائی
دوسرا میچ، ڈی ایف اے چترال اور آتش ٹانک کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے کھیل کے دوران بہترین دفاع اور جارحانہ طریقے اختیار کئے تاہم کوئی بھی ٹیم پورے میچ کے دوران ایک گول اسکور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہوسکی جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی اسٹروکس پر کیا گیا۔ اس مرحلے میں ڈی ایف اے چترال نے 2 گول کے مقابلے میں 4 گول سے آتش ٹانک کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ آج مورخہ 9 دسمبر کو ڈی ایف اے کرک کا مقابلہ ڈی ایف اے مردان جبکہ ڈی ایف اے بنوں کا مقابلہ وزیرستان کمبائینڈ سے ہوگا جن کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنلز میں اپنی جگہ بنائیں گی۔
دونوں سیمی فائنلز 10 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ 11 دسمبر کو یوفون 4Gخیبرپختونخوا فٹ بال کپ کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔ بعد ازاں، فاتح ٹیم کا مقابلہ بلوچستان میں اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم سے سپر فائنل میچ میں ہوگا اور یہ گرانڈ فنالے 12 دسمبر کو پشاور کے طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم کی فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا اور اسکی فاتح ٹیم ہی یوفون 4Gفٹ بال کپ 2021 کی حتمی چیمپیئن ہوگی۔ سیمی فائنلز، فائنل اور سپر فائنل میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور یوفون 4Gکے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر براہ راست نشر یات میں دکھائے جائیں گے۔
ایک تبصرہ شائع کریں