مردان اور وزیرستان کی ٹیموں نے یوفون 4 Gفٹ بال کپ خیبرپختونخوا کے سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی



پشاور، 9 دسمبر، 2021:  ڈی ایف اے مردان اور وزیرستان کمبائنڈ نے پشاور کے طہماس خان اسٹیڈیم میں اپنے حریفوں بالترتیب ڈی ایف اے کرک اور ڈی ایف اے بنوں کو شکست دے کر یوفون 4Gفٹ بال کپ خیبرپختونخوا کے سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ڈی ایف اے چارسدہ اور ڈی ایف اے چترال پہلے سے ہی اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ 


جمعرات کو، ڈی ایف اے کرک کا ڈی ایف اے مردان سے سامنا ہوا جبکہ ڈی ایف اے بنوں کا ڈی ایف اے وزیرستان کمبائنڈ سے سیمی فائنلز میں جگہ بنانے کے لئے مقابلہ ہوا۔ پہلے میچ میں، ڈی ایف اے مردان اور ڈی ایف اے کرک نے سنسنی خیز کھیل پیش کرکے تماشائیوں کے دل جیت لئے۔ میچ کے 15 ویں منٹ میں ڈی ایف اے مردان کے ظہور خان نے پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ ڈی ایف اے کرک نے حریف کی مضبوط دفاعی لائن میں شگاف ڈالنے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم وہ کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔ ڈی ایف اے مردان نے میچ کے 70 ویں منٹ میں دوسرا اور فیصلہ کن گول اسکور کرکے مقابلہ صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا اور سیمی فائنلز میں اپنی جگہ بنالی۔ 


یہ بھی پڑھیں : معروف گلوکارہ اور موسیقارہ زیب بنگش کا نیا گانا "تم ساتھ ہو"ریلیز کردیا گیا


اگلا میچ ڈی ایف اے بنوں اور وزیرستان کمبائنڈ کے درمیان کھیلا گیا جو دلچسپی سے خالی نہ تھا۔ میچ کے 35 ویں منٹ میں وزیرستان کمبائنڈ کی جانب سے حامد کے پہلے گول نے مقابلے میں شدت پیدا کردی۔ ڈی ایف اے بنوں نے جوابی گول کرنے میں کافی وقت لیا اور میچ کے 62 ویں منٹ میں اسکے کھلاڑی راشد نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ بنوں کے واجد نے 75 ویں منٹ میں ایک خوبصورت گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی لیکن یہ برتری محض ایک منٹ ہی قائم رہ سکی کیونکہ وزیرستان کمبائنڈ کے رحمان اللہ نے 76 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے میچ دوبارہ دو دو گول سے برابر کردیا۔ کھیل کا متعین وقت ختم ہونے کے بعد میچ کا نتیجہ پنالٹی اسٹروکس پر نکالا گیا۔ اس مرحلے میں وزیرستان کمبائینڈ نے بہتر کارکردگی پیش کی اور حریف ٹیم کو ایک گول کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی۔ 


سیمی فائنلز 10 دسمبر بروز جمعہ پشاور کے طہماس خان اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل سہ پہر تین بجے ڈی ایف اے چارسدہ اور ڈی ایف اے مردان کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل شام کو ساڑھے پانچ بجے ڈی ایف اے چترال اور وزیرستان کمبائنڈ کے درمیان فلڈ لائٹس کی روشنی میں  ہوگا۔ 11 دسمبر بروز ہفتہ کو یوفون 4Gخیبرپختونخوا فٹ بال کپ کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔ بعد ازاں، یوفون 4Gفٹ بال کپ خیبرپختونخوا کی فاتح ٹیم کا مقابلہ بلوچستان میں اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم سے سپر فائنل میچ میں ہوگا اور یہ سپرفائنل میچ 12 دسمبر بروز اتوار کو پشاور کے طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا اور اسکی فاتح ٹیم ہی یوفون 4Gفٹ بال کپ 2021 کی حتمی چمپئن ہوگی۔ سیمی فائنلز، فائنل اور سپر فائنل میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور یوفون 4Gکے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر براہ راست نشریات میں دکھائے جائیں گے۔ اختتام


0/کمنٹس: