یوفون فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کے کوالیفائر راؤنڈ بھرپور جوش و خروش سے جاری ہے

 یوفون فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کے کوالیفائر راؤنڈ بھرپور جوش و خروش سے جاری  ہے


کوئٹہ: بلوچستان میں یوفون فٹ بال کپ کے کوالیفائرز مرحلے کے مقابلے نہایت جوش و خروش سے جاری ہیں۔ اب تک پانچ میچز میں کانٹے کا مقابلہ رہا ہے۔ دوسری جانب، اس ٹورنامنٹ کے خیبرپختونخوا ایڈیشن کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔ بلوچستان ایڈیشن کی فاتح ٹیم  3 دسمبر 2021 کو پشاور میں منعقد ہونے والے سپر فائنل میں خیبر پختونخواہ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ 

اس ٹورنامنٹ کے بلوچستان ایڈیشن کے تحت اس ہفتے  پانچ علاقائی میچز کھیلے گئے جس میں ہزاروں تماشائیوں نے نہایت جوش و خروش سے شرکت کی۔ اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ڈی ایف اے ژوب اور ڈی ایف اے شیرانی کے درمیان جمعہ کو عرفان کاسی اسٹیڈیم ژوب میں کھیلا گیا۔ ڈی ایف اے ژوب کے کھلاڑی شمس اللہ نے میچ کے 20 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈالا لیکن ڈی ایف اے شیرانی کے کھلاڑی فاروق نے دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں پنالٹی اسٹروک پر گول اسکور کرکے میچ برابر کردیا۔میچ کا فیصلہ پنالٹی اسٹروکس پر ہوا۔  ڈی ایف اے ژوب کے کھلاڑیوں محمد یوسف، حبیب، محمد اکبر اور شمس اللہ نے ایک ایک گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو مجموعی طور پر چار گول کی سبقت دلا دی۔ جواب میں، ڈی ایف اے شیرانی کے داؤد اور فاروق ایک ایک گول اسکور کرپائے۔ 

یہ بھی پڑھیں :  یوفون فٹ بال کپ کا آغاز: بلوچستان اور خیبر پختونخواہ سے دو ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے

اسی روز، دوسرا میچ ڈی ایف اے قلعہ سیف اللہ اور ڈی ایف اے ژوب کے درمیان ژوب میں عرفان کاسی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ڈی ایف اے قلعہ سیف اللہ کے سعید حماد نے کھیل کے 10 ویں منٹ میں ہی گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ تاہم، ڈی ایف اے ژوب کے جہانزیب نے 14 ویں منٹ میں جوابی گول کرکے مقابلے میں جان ڈال دی۔ دونوں ٹیموں نے اپنے حریف کی گول پوسٹس پر تابڑتوڑ حملے کئے، تاہم پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم مزید گول اسکور کرنے میں ناکامی رہی۔ دوسرے ہاف کے محض چھٹے منٹ میں جہانزیب نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم ڈی ایف اے ژوب کو برتری دلا دی ہے اور کھیل کے اختتام تک یہ برتری قائم رہنے پر وہ فاتح قرار پائی۔ 

تیسرا میچ، ڈی ایف اے دکی اور ڈی ایف اے لورالائی کے درمیان ڈگری کالج گراؤنڈ لورالائی میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا اور گول اسکور کرنے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم دونوں ٹیموں کو ناکامی کا سامنا رہا۔ برابری پر میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا۔ ڈی ایف اے لورالائی کے محمد جان، شمس اور بلال نے تین گول اسکور کئے لیکن ڈی ایف اے دکی کے شاہد، عبداللہ، شاکر اور اسفند یار نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فاتح بنادیا۔ 

ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ ڈی ایف اے ڈیرہ بگٹی اور ڈی ایف اے زیارت کے درمیان اتوار کو کروک گراؤنڈ سبی میں کھیلا گیا۔ ڈی ایف اے زیارت کے عبدالخالق نے میچ کے 23 ویں منٹ میں پہلا اور فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔ ڈی ایف اے ڈیرہ بگٹی نے بے جگری سے بھرپور مقابلہ کیا تاہم انکی جانب سے کوئی گول اسکور نہ کیا جاسکا۔ 

اسی مقام پر دوسرا میچ ڈی ایف اے سبی اور ڈی ایف اے ہرنائی کے درمیان کھیلا گیا۔ کھیل کے دوران دونوں ٹیموں نے تابڑتوڑ حملے کئے لیکن معینہ وقت کے اندر کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس سے نکلا۔ ڈی ایف اے ہرنائی کے لالہ عمران اور شیر علی نے اپنی ٹیم کے لئے ایک ایک گول اسکور کیا، تاہم ڈی ایف اے سبی نے اس مرحلے پر غیرمعمولی کارکردگی پیش کرکے چار گول اسکور کئے۔ ڈی ایف اے سبی کے تاج محمد، چھکر ندیم، ذاکر علی اور شاکر علی نے پنالٹی ککس میں ایک ایک گول اسکور کیا۔ 

یوفون فٹ بال کپ ٹورنامنٹ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سالانہ منعقد ہوتا ہے جس کا اہتمام قومی ٹیلی کام کمپنی یوفون کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ اس کے انعقاد کا مقصد ملک کے نوجوانوں میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کوصحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔  

0/کمنٹس: