یوفون فٹ بال کپ ایلی منیٹرز راؤنڈ بلوچستان میں اختتام کی جانب گامزن، خیبر پختونخواہ میں شاندار مقابلے جاری
اسلام آباد: بلوچستان میں یوفون فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا ایلی منیٹر راؤنڈ اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ہے جس کے بعد اگلے مرحلے یعنی سپر ایٹ مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں ایک ہفتہ تاخیر سے شروع ہونے والے مقابلوں میں بھی شاندار جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پیر کو، ڈی ایف اے قلعہ عبداللہ کا پشین کے تاج لالہ گراؤنڈ میں ڈی ایف اے پشین کے خلاف میچ ہوا۔ ڈی ایف اے پشین کے کھلاڑی نور اللہ نے کھیل کے 15 ویں منٹ میں ہی گول اسکور کرکے کھیل پر اپنی ٹیم کی گرفت مضبوط کرلی۔ ڈی ایف اے پشین کی برتری اس وقت مزید مستحکم ہوگئی جب میچ کے 22 ویں منٹ میں اکرام نے دوسرا گول اسکور کیا۔ اس طرح، ڈی ایف اے پشین نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے یہ میچ جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی سی ایل و یوفون ایمپلائزاور اہل خانہ کے لیے سالانہ اسپورٹس و تفریحی گالا کا اہتمام
دوسرا میچ، ڈی ایف اے خاران اور ڈی ایف اے نوشکی کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن معینہ وقت کے دوران کوئی ٹیم گول اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ میچ کا نتیجہ پنالٹی اسٹروکس پر نکلنے کے بعد ڈی ایف اے نوشکی نے ایک گول کے مقابلے میں تین گول اسکور کرکے سپر ایٹ مقابلوں میں اپنی جگہ بنالی۔
دریں اثناء، خیبرپختونخوا میں جاری اس ٹورنامنٹ میں ریجنل ٹیمیں بھرپور کھیل کا مظاہرہ پیش کر رہی ہیں۔ پیر کو، ڈی ایف اے مالاکنڈ کا یونس اسٹیڈیم مردان میں ڈی ایف اے صوابی سے میچ ہوا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا تاہم کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ میچ کی برابری کے اعلان پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پوائنٹس تقسیم کئے گئے جن کی بنیاد پر ڈی ایف اے مالاکنڈ اس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
دوسرا میچ، ڈی ایف اے مردان کا اپنے ہوم گراؤنڈ یونس اسٹیڈیم مردان میں ڈی ایف اے بونیر سے ہوا جس میں ڈی ایف اے مردان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔ ڈی ایف اے مردان کے کھلاڑی عاصم نے اوپر تلے کھیل کے 12 ویں منٹ اور 19 ویں منٹ میں دو گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔ عثمان نے کھیل کے 46 ویں منٹ تیسرا گول اسکور کرکے ڈی ایف اے بونیر کی شکست پر مہر ثبت کردی۔یوں ڈی ایف اے مردان نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے مقابلہ جیت لیا۔
منگل کو، طہماس خان اسٹیڈیم پشاور میں ڈی ایف اے نوشہرہ اور ڈی ایف اے چارسدہ کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا۔ دونوں ٹیموں نے میچ کی ابتداء سے اپنی حریف ٹیم پر حملے شروع کردیے۔ ڈی ایف اے چارسدہ کے کھلاڑی حیدر نے میچ کے 33 ویں منٹ میں خوبصورت انداز سے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی اور یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ جیت کے بعد ڈی ایف اے نوشہرہ نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
اس ٹورنامنٹ میں ایلی مینیٹرز راؤنڈ کی فاتح ٹیمیں سپر ایٹ میں جگہ بنائیں گی اور وہاں پر فاتح ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی۔ یوفون کپ کے دونوں ایڈیشنز کا سپر فائنل 3 دسمبر کو پشاور میں کھیلا جائے گا۔ تمام سپر ایٹ، سیمی فائنلز اور فائنلز براہ راست پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر ہوں گے۔ صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے پاکستانی ٹیلی کام کمپنی یوفون نے فٹ بال کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ ملک میں نوجوان نسل کی ذہنی و جسمانی صحت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ خبر انگریزی میں پڑھیں
ایک تبصرہ شائع کریں