پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق ، چاول کی بارٹر تجارت اور سرحدی منڈیوں کی تعمیر ہوگی
اسلام آباد (اے پی پی 8 نومبر 2021) وزیر اعظم کے مشیربرائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران نے چاول کی بارٹر تجارت اور سرحدی منڈیوں کی تعمیر پر اتفاق کیا ہے،ٹی آئی آر کے تحت پاکستانی ٹرکوں کی آمدورفت اور کسٹمز تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا، ان اقدامات سے پاکستانی برآمدات، تجارت اور رابطوں میں اضافہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو تہران میں پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر ایران کےشاہراہوں اور شہری ترقی کے وزیر رستم قاسمی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی سرحدوں اور سڑک کے ذریعے رابطے کے ذریعے تجارت اور بلا تعطل نقل و حمل کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مشیرتجارت نے دونوں طرف سے گاڑیوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے موجودہ دوطرفہ معاہدوں کے مطابق سڑکوں پر نقل و حمل اور ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں باہمی کمی پر زور دیا۔فریقین نے پاکستان سے ایران کے راستے ترکی اور آذربائیجان کو ٹی آئی ا ٓر کے ذریعے کھیپ کی ترسیل کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹی آئی آر کی ترسیل سے متعلق طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ پر پاک ایران مشترکہ کمیٹی کا اگلا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ ٹی آئی آر کھیپ کی نقل و حمل سے متعلق جلد بہتری لائے جاسکے ۔
یہ بھی پڑھیں: میڈیا پر مہنگائی کے حوالے سے عوام کو غلط تاثر دیا جا رہا ہے،تمام اعشاریے مثبت سمت میں ہیں۔ ترجمان وزارت خزانہ
عبدالرزاق دائود نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر حکومت پاکستان کے موقف کے بارے میں آگاہ کیا ،جس میں خاص طور پر تجارت اور رابطوں پر زور دیا گیا ہے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے نویں اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر زراعت ڈاکٹر سید جواد ساداتی نژاد سے بھی ملاقات کی۔
فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان زرعی تعاون کے وسیع تر فروغ کے لیے امور پر تبادلہ خیال کیا۔مشیرتجارت نے زرعی پیداوار، تحقیق اور اختراع کے فروغ پر حکومت پاکستان کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔پاکستان علاقائی تجارت اور روابط کو مضبوط بنانے کے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ایران کے ساتھ زرعی مصنوعات میں تجارت کو فروغ دینے کا بھی خواہشمند ہے ۔
انہوں نے ایرانی وزیر کو دو طرفہ زرعی تجارت میں رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے حالیہ پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا اور ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں میں باہمی کمی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باقاعدہ تبادلوں اور بہترین طریقوں کے اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔
ایک تبصرہ شائع کریں