اسلام آباد، 1 نومبر، 2021: پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک، موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) نے موجودہ مالی سال میں 30 ستمبر 2021 کو اختتام پذیر ہونے والی تیسری سہ ماہی کے غیرآڈٹ شدہ مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ ایم ایم بی ایل کا مجموعی ریونیو تیسری سہ ماہی میں 53 فیصد اضافے کے ذریعے مستحکم راہ پر گامزن ہے۔ بینک کا قبل از ٹیکس منافع سال 2020 میں اسی سہ ماہی کے مقابلے میں تین گنا بڑھ گیا ہے۔
سال 2021 کی تیسری سہ ماہی کے دوران ایم ایم بی ایل کا اوسطاََ قرض ایک لاکھ 77 ہزار روپے پر مستحکم رہا جبکہ مائیکروفنانس انڈسٹری اوسطاََ تقریبا 50 ہزار روپے پر برقرار رہی جس سے بینک میں متنوع قسم کا کاروباری ماڈل رکھنے کے فائدوں کی توثیق ہوتی ہے۔ کور بینکنگ کے ریونیو کی مجموعی ترقی میں 35 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تیسری سہ ماہی کے دوران برانچ لیس بینکنگ کے ریونیو میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ ایم ایم بی ایل کی کور (Core)اور برانچ لیس بینکنگ کا قبل از ٹیکس منافع بالترتیب 25 فیصد اور 326 فیصد بڑھا۔
بینک کی بہترین کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او، غضنفر عزام نے کہا، "یہ ایم ایم بی ایل کے لئے ایک کامیاب سہ ماہی ہے۔ بینک نے سال 2020 کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں قابل ذکر کارکردگی پیش کی اور اس عرصے کے دوران اسکے تمام اہم مالیاتی پیرامیٹرز میں مثبت رجحان رہا۔ بینک کا قابل ذکر ریونیو ایم ایم بی ایل کی مثبت کارکردگی کا ثبوت ہے۔ پاکستان کو مالی طور پر بااختیار بنانے پر توجہ دینے کے ساتھ ایم ایم بی ایل کی پائیدار کامیابی ٹیکنالوجی اور جدت میں سرمایہ کاری سے منسلک ہے اور معاشرے کے تمام طبقوں کو مواقع فراہم کرنے کے عزم اور مقاصد کی شکل میں اسکی مستحکم کارکردگی ظاہر ہوتی ہے۔ چوتھی سہ ماہی میں آگے بڑھتے ہوئے ایم ایم بی ایل مستحکم مالیات کے ساتھ بہتر انداز سے رواں سال کا اختتام کرنے کی حیثیت رکھتا ہے جس سے ملک کے مالیاتی منظرنامہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شمولیت کا اسکا عزم مزید مضبوط ہوگا۔"
ایم ایم بی ایل کے چیف فنانس اینڈ ڈیجیٹل آفیسر، سردار محمد ابوبکر نے کہا، "ہم ایک اور سہ ماہی کی مستحکم کارکردگی پر خوش ہیں۔ یہ مالیاتی نتائج ہر سطح کے آپریشنز میں ترقی اور پائیداری پر زیادہ توجہ دینے کا مظہر ہیں۔ عالمی وبا کے باعث درپیش چیلنجز کے باوجود ایم ایم بی ایل دونوں طرح، بینکنگ اور برانچ لیس بینکنگ کے شعبوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی پیش کررہا ہے۔ اپنے بااختیار ملازمین کے ذریعے ڈیجیٹلائزیشن اور صارف کی مرکزیت اس سال کا ایک اہم پہلو ہے۔ اسکی بدولت ہمیں پاکستان بھر میں عوام کے لئے مالیاتی سہولیات میں اضافے اور بینک کی مارکیٹ میں حیثیت برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔"
پاکستان میں قائدانہ انداز سے آگے بڑھنے والے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک کے طور پر ایم ایم بی ایل بہترین ڈیجیٹل مالیاتی نظام کا حامل ہے جو پاکستان بھر کے چھوٹے و درمیانی کاروبار، گھرانے، اور بالخصوص خواتین کی ترقی میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
*یہ اعداد و شمار غیرآڈٹ شدہ مالیاتی نتائج کی بنیاد پر ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں