سوپر نیٹ نے اسٹریٹجک ادارے کو آلات کی فراہمی کا100ملین کا ٹھیکہ حاصل کرلیا
کراچی: آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی معروف کمپنی سوپر نیٹ کو اسٹریٹجک شعبے سے تعلق رکھنے والے ادارے کی جانب سے آلات کی فراہمی کے3 منصوبوں کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔10کروڑ روپے مالیت کے ان منصوبوں کے تحت سوپر نیٹ دفاعی ادارے کو سیٹلائٹ کمیونیکیشن، ٹیلی کمیونیکیشن، خدمات اور پاورکے آلات فراہم کرے گی۔
یہ آلات اور ان سے منسلک معاونت اور خدمات ادارے کے ملک بھر میں پھیلے ہوئے نیٹ ورک کو سپورٹ فراہم کریں گے۔ واضح رہے کہ سوپر نیٹ پہلے ہی کامیابی کے ساتھ ایک منصوبہ مکمل کرچکی ہے جبکہ دوسرا منصوبہ نومبر 2021کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا اور تیسرا منصوبہ 2022کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
کمپنی سے جاری اعلامیئے کے مطابق سیمی کنڈیکٹر چپس کی عالمی قلت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی شپنگ اور لاجسٹک میں رکاوٹوں کے باوجود سوپر نیٹ نے سپلائی چین میں اپنی مضبوط شراکت داری اور بہترین منصوبہ بندی کے ذریعہ صارفین کے اطمینان کے مطابق ان کو خدمات کی فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے۔
اس موقع پر سوپر نیٹ کے ہیڈ آف بزنس یونٹ ٹیلی کام اینڈ ڈیفنس علی اختر نے کہا کہ ہم یہ منصوبے حاصل کرنے پر نہایت خوش ہیں۔ ہرمنصوبہ ایک مسابقتی بولی کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے اور ہمارے سلوشنز کو بہترین ٹیکنو کمرشل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ہم کامیابی سے نئے صارفین بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے سپلائی چین پر ہمارے شراکت داروں اور صارفین کے اعتماد پر ہم ان کے شکر گذار ہیں۔
سوپر نیٹ لمیٹڈ پاکستان کی معروف ٹیلی کمیونی کیشن خدمات فراہم کرنے والی سسٹم انٹیگریٹر کمپنی ہے جو 1995سے کام کررہی ہے۔ کمپنی ٹیلی کام، دفاع، انٹر پرائز اور سرکاری اداروں کو عالمی مربوط مواصلاتی بنیادی ڈھانچے سے منسلک کرنے کیلئے مکمل پورٹ فولیو پیش کرتی ہے۔ سوپر نیٹ کی کنیکٹیویٹی مصنوعات اور خدمات میں سیٹلائٹ، فائبر آپٹکس، مائیکروویواور ریڈیو پر مبنی وائیڈ ایریا نیٹ ورک(WAN)اور میٹروپولیٹن ایریا نیٹ ورک(MAN)کے وسیع سلوشنز شامل ہیں۔ حالیہ برسوں میں سوپر نیٹ نے اپنے بیونڈ کنیکٹیویٹی اقدام کے تحت سائبر سیکیورٹی، پاور، نیٹ ورکنگ اور سرویلنس سلوشنز سمیت ڈومینز میں اپنی مہارت قائم کی ہے جس سے صارفین کو سلوشنز اور خدمات کا ایک بھر پور پورٹ فولیو فراہم کیا جارہا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں