کامیاب جوان پروگرام کے تحت بینک آف پنجاب کے اشتراک سے فوڈ پانڈا کے ہوم شیف کو 1 ملین روپے کا قرضہ حاصل
لاہور: پاکستان کے صف اول کے ای کامرس پلیٹ فارم، فوڈ پانڈا (foodpanda) نے حکومت پنجاب کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وزیر اعظم کے کامیاب جوان یوتھ انٹریپرینیورشپ پروگرام کے تحت فوڈ پانڈا کے رجسٹرڈ ہوم شیفس کو سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کے لئے 10 لاکھ روپے کا پہلا قرضہ ساہیوال سے تعلق رکھنے والے کوتھم کے سند یافتہ شیف خالد جاوید اختر کو موصول ہوا جو 'ابانز کچن' کے نام سے گھر سے فوڈ بزنس چلا رہے ہیں اور سال 2020 سے وہ فوڈ پانڈا کے رجسٹرڈ ہوم شیف ہیں۔
اس شراکت داری کے تحت اپنا کام کرنے والے ہوم شیفس کو 25 ملین روپے تک کا قرضہ دیا جارہا ہے جو گھر سے اپنا فوڈ بزنس شروع کرنے یا موجودہ فوڈ بزنس میں توسیع کے خواہش مند ہوں اور انہیں سرمائے کی ضرورت ہو۔
یہ تقریب لاہور میں فوڈ پانڈا کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جہاں بینک آف پنجاب کے نمائندہ حکومتی اقدامات ڈیویژن (آر اینڈ پی ایس ایل) کے سربراہ غلام علی کھوکھر، فوڈ پانڈا کے نمائندہ ہوم شیفس کے سربراہ احسن ملک اور ہوم شیفس کی ہیڈ آف پارٹنرشپ بنت فاطمہ رضوی موجود تھے۔
اس موقع پر غلام علی کھوکھر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "بینک آف پنجاب اس وقت کامیاب جوان یوتھ انٹریپرینیورشپ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 5.8 ارب روپے فراہمی کے ساتھ بہترین کارکردگی کا حامل صف اول کا بینک ہے۔ بینک آف پنجاب زیادہ سے زیادہ ہوم شیفس کو آگے بڑھنے اور اس دلچسپ موقع سے فائدہ اٹھانے کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ بینک آف پنجاب فوڈ پانڈا جیسے کاروباری اداروں کے ساتھ اشتراک کے مسلسل مواقع تلاش کررہا ہے جہاں ہم ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے کام کرسکیں۔"
فوڈ پانڈا کے ہیڈ آف ہوم شیفس، احسن ملک نے کہا، "ہم نے بینک آف پنجاب کے ساتھ اشتراک قائم کیا ہے تاکہ فوڈ پانڈا کے ہوم شیفس کی قرض لینے والوں کی درخواستوں پر تیز رفتاری سے سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنا بزنس قائم کرسکیں اور اس میں توسیع لاسکیں۔ ہم اپنے مستحکم اشتراک پر انتہائی خوش ہیں جس کی بدولت پہلے قرضے پر عمل درآمد ہوا، اور ریکارڈ مدت میں قرضہ فراہم کیا گیا جبکہ اب قرض لینے کے خواہش مندوں کی مزید درخواستیں بھی آخری مراحل میں پہنچ رہی ہیں۔"
اس حوالے سے فوڈ پانڈا کی جانب سے خصوصی نظام وضع کیا گیا ہے جس میں گھر سے فوڈ بزنس کرنے کے خواہش مند افراد کو رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ہوم شیفس کی ہیڈ آف پارٹنرشپس، بنت فاطمہ رضوی نے کہا، "قرضوں کی درخواستوں پر ہر ممکن حد تک روانی سے سہولت اور ان پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ ہماری جانب سے اپنے ہوم شیفس یوٹیوب چینل پر ویڈیوز، آن لائن ٹیوٹوریلز اور کامیاب جوان کی مختص ہیلپ لائن نمبر کے ذریعے رہنمائی فراہم کی جاتی ہے اور قرضہ لینے کے خواہش مندوں کو درخواست کے ابتدائی عمل سے لیکر ہر مرحلہ کی آگہی فراہم کی جاتی ہے، اہم احتیاطیں اور ہدایات بتائی جاتی ہیں، مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ ساتھ سب سے اہم یہ رہنمائی کی جاتی ہے کہ اپنا بزنس پلان کیسے تیار کیا جائے تاکہ کامیابی سے قرضہ کا حصول ممکن ہو۔"
خالد جاوید اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "مجھے کامیاب جوان پروگرام سے قرضہ وصول کرنے والا فوڈ پانڈا کا پہلا ہوم شیف بننے پر انتہائی خوشی ہے۔ میں فوڈ پانڈا، بینک آف پنجاب، وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا مشکور ہوں جنہوں نے چھوٹے کاروبار کی اہمیت محسوس کرکے اس میں معاونت کے لئے کامیاب جوان جیسا پروگرام متعارف کرایا جو انتہائی آسان شرائط اور کم مارک اپ پر کاروباری قرضے فراہم کررہا ہے۔ میں یہ قرضہ اپنے کچن کی جگہ کی کشادگی، سامان کی خریداری، اپنے مینو میں اضافے اور کچن آپریشنز کے انتظام سے متعلق مزید اسٹاف کی بھرتی کے لئے استعمال کروں گا۔ میں سال 2020 سے فوڈ پانڈا کی ہوم شیف فیملی کا حصہ ہوں اور اب میں فخریہ طور پر کہہ سکتا ہوں کہ میں فوڈ پانڈا کے کامیاب جوان کا ہوم شیف ہوں۔"
ایک تبصرہ شائع کریں